بھٹکل 5 جولائی (ایس او نیوز) آج کل دنیا بھر میں آن لائن شاپنگ عام ہورہی ہے، لوگوں کو دکانوں اور شوروم میں جانے کی فرصت نہیں ملتی اور آن لائن ہی اپنی پسند کی چیزیں بُک کرنے پر سامان سیدھے گھر پہنچ جاتا ہے، آن لائن شاپنگ میں عمدہ کوالٹی کا مال سستے داموں میں بھی ملتا ہے اور کسی برانڈیڈ آن لائن شاپنگ ایپ بالخصوص آمیزون، پے ٹی ایم اور اس جیسے بھروسہ مند ایپ سے مال خریدا جائے تو دھوکہ کھانے کے امکانات بھی کم رہتے ہیں البتہ کئی بے نام کمپنیاں آن لائن شاپنگ کے ذریعے عوام کو دھوکہ بھی دیتی ہیں، جس سے ہوشیار رہنا بھی ضروری ہے۔
آن لائن شاپنگ کیسے کی جاتی ہے، یہ تقریباً عام لوگ بھی جانتے ہیں ، مگر اِن بڑے آن لائن شاپنگ ایپ میں آپ اپنا مال کیسے بیچ سکتے ہیں، گھر پر بنایا ہوا مال، اپنی فیکٹری میں تیار کیا ہوا مال یا اپنی دکان کا مال آن لائن کیسے فروخت کرسکتے ہیں، ان سب باتوں کو سکھانے کے لئے اب بھٹکل میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ اکیڈمی کی شروعات کی گئی ہے جس کا افتتاح پیر کو بھٹکل قاضی جماعت المسلمین مولانا عبدالرب خطیب ندوی کی دعاوں سے کیا گیا۔
بھٹکل نیشنل ہائی وے پر جالی روڈ کراس کے قریب پہلے مالہ پر قائم ڈیجیٹل مارکیٹنگ اکیڈمی کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے اکیڈمی کے روح رواں محمد ریحان محتشم اور محمد رزّان محتشم نے بتایا کہ آج کل لوگ آن لائن ہی اپنی پسند کی چیزیں خریدنا پسند کرتے ہیں، لیکن آن لائن مال کیسے بیچنا ہے، ہم اپنے کورس میں اسے سکھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے ہاں ڈیجیٹل مارکٹنگ کا تین ماہ کا کورس ہوگا جس میں ویب سائٹ ڈیزائننگ سمیت ویب سائٹ کی مارکٹنگ بھی سکھائی جائے گی۔
پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے جناب نذیر محتشم نے بتایا کہ ان کے دونوں فرزندوں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا مکمل کورس کیا ہے جبکہ ریحان کمپوٹر انجینر بھی ہے، انہوں نے بتایا کہ بھٹکل میں بہت ساری چیزیں تیار کی جاتی ہیں اور بازاروں میں سپلائی کی جاتی ہیں، اگر وہ چاہیں تو اپنا تیار کردہ مال آن لائن کے ذریعے بھی بیچ سکتے ہیں جس سے وہ خاطر خواہ منافع کماسکتے ہیں، اسی طرح بھٹکل کے کئی دکاندار بھی اپنا مال آن لائن فروخت کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں، جس کے لئے اُنہیں ضروری ہوگا کہ وہ اس اکیڈمی میں داخلہ لے کر کورس سے فائدہ اُٹھائیں ۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف فرما مولانا عبدالرب ندوی نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے بھٹکل کے نوجوانوں کی اس اہم پیش رفت پر خوشی کا اظہار کیا اور اُن کی کامیابی کے لئے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ بھٹکل کے عوام پر زور دیا کہ وہ اس اکیڈمی سے بھرپور استفادہ کریں۔